
سوشل میڈیا پر پاکستان کے سابق آرمی چیف اور صدر ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف اور بولی وڈ کے منا بھائی ایم بی بی ایس سنجے دت کی تصویر وائرل ہونے پر دونوں ممالک کے لوگ ان کی ملاقات پر برہمی کا اظہار کرتے دکھائی دیے۔
دونوں کی مبینہ ملاقات کی تصویر 16 اور 17 مارچ کی درمیانی شب فیس بک، انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر وائرل ہوئی، جس میں پرویز مشرف کو قدرے کمزور حالت میں ویل چیئر پر بیٹھے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
وائرل ہونے والی تصویر میں پرویز مشرف جہاں ویل چیئر پر بیٹھے دکھائی دیتے ہیں، وہیں وہ اپنے قریب کھڑے سنجے دت کی جانب دیکھتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
تصویر میں بولی وڈ اداکار سنجے دت کو ویل چیئر پر بیٹھے سابق آرمی چیف کے قریب ایکسرسائیز کے لباس میں کھڑے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
تصویر میں ایک اور نامعلوم شخص بھی دکھائی دیتا ہے جو کہ سنجے دت کے بات کرنے پر مسکراتا ہوا نظر آتا ہے۔
تصویر سے معلوم ہوتا ہے کہ سنجے دت وہاں موجود کسی ایسے شخص سے بات کرتے دکھائی دیتے ہیں جو کہ تصویر میں نظر نہیں آ رہے اور ان کی بات کے دوران پرویز مشرف انہیں دیکھتے رہتے ہیں۔
تصویر میں سابق آرمی چیف انتہائی کمزور، علیل اور بدلے ہوئے نظر آتے ہیں۔
اگرچہ دونوں کی جانب سے ملاقات کی کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی اور نہ ہی اس بات کی وضاحت ہو سکی ہے کہ مذکورہ تصویر اصلی ہے یا جعلی؟ مگر تصویر وائرل ہونے کے بعد دونوں ممالک کے لوگوں نے اس پر کمنٹس کرتے ہوئے دونوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
جہاں پاکستانی لوگوں نے پرویز مشرف کے کمزور اور بیمار پڑنے پر مذاق کیا، اور ان کے خلاف حکومت سے کارروائی کی اپیل بھی کی۔
بھارتی نیوز ایجنسی نے مذکورہ تصویر کے حوالے سے خبر شائع کی کہ سنجے دت اور پرویز مشرف کی ملاقات کی خبریں زیر گردش ہیں اور ان کی ایک غیر تصدیق شدہ تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ خبریں ہیں کہ دونوں کے درمیان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں جیم میں اچانک ملاقات ہوئی، جہاں مذکورہ تصویر لی گئی، تاہم اس حوالے سے کوئی تصدیق نہ ہوسکی۔




