سیاسی جماعتیں عوامی مسائل کے حل کیلئے مشترکہ تحریک چلائیں۔ حلیم صادق
سیاسی جماعتیں عوامی
مسائل کے حل کیلئے مشترکہ
تحریک چلائیں۔ حلیم صادق
کوئٹہ میں گیس، بجلی اور
پانی کے بحران کی وجہ سے
شہری عذاب میں مبتلا ہیں۔
صوبائی جنرل سیکرٹری
حکومت عوام کو بنیادی
سہولیات کی فراہمی یقینی
بنائے، عوام پاکستان پارٹی
بلوچستان
کوئٹہ: عوام پاکستان پارٹی بلوچستان نے کوئٹہ میں گیس، بجلی اور پانی کے سنگین بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام قومی و صوبائی سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کیلئے مشترکہ تحریک شروع کی جائے۔عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کوئٹہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں بجلی، گیس اور پانی کے بحران نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور عوام شدید مشکلات و اذیت سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں گھنٹوں بجلی کی بندش نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے، جبکہ گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے باعث گھریلو صارفین کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری جانب پانی کی عدم دستیابی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بنیادی ضروریات زندگی کی مسلسل عدم دستیابی کسی بھی مہذب معاشرے کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ کوئٹہ کے عوام عرصہ دراز سے بجلی، گیس اور پانی کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن ان کے مستقل حل کیلئے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔ گرمی کی شدت میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث بچے، بزرگ اور خواتین بالخصوص شدید مشکلات سے دوچار ہیں، جبکہ پانی کی قلت نے شہری زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو محض اعلانات اور یقین دہانیوں کے بجائے عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لے کر عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور کوئٹہ کے شہریوں کو درپیش مسائل کا فوری ازالہ کیا جائے۔ صوبائی جنرل سیکرٹری نے کہا کہ گیس، بجلی اور پانی کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ پورے عوام کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ اس لیے تمام قومی و صوبائی سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی، تاجر برادری اور عوامی نمائندوں کو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر عوام کے بنیادی حقوق کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنی چاہیے۔ عوام پاکستان پارٹی بلوچستان اس سلسلے میں ہر مثبت اور عوامی کوشش کا بھرپور ساتھ دے گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کوئٹہ میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کا خاتمہ، گیس کی فراہمی میں بہتری اور شہر میں پانی کی قلت کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے، بصورت دیگر عوامی مشکلات میں اضافے کی ذمہ داری متعلقہ اداروں اور حکومت پر عائد ہوگی۔
