اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز کو ضائع ہونے سے بچایا جائے : کریم نوشیروانی

خاران : بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا سے اپیل کی ہے کہ صوبے میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے لئے رواں مالی سال کے ترقیاتی فنڈز کو جلد از جلد ریلیز کیا جائے پہلے ہی بہت وقت ضائع ہوگیا ہے جون میں نئے مالی سال کا بجٹ بھی آنے والا ہے اور ہمارے پاس صرف اب دو ماہ باقی رہ گئے ہیں اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز کو ضائع ہونے سے بچایا جائے اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے جتنا ممکن ہے ترقیاتی فنڈ کو استعمال میں لایا جائے۔ اسی میں حکومت کی بھی نیک نامی ہے۔ یہ بات انہوں نے خاران میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے معائنہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاکہ وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ایماندار اور ترقی و خوشحالی کے حامی ہیں۔انہوں نے ماضی میں بھی صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لئے اقدامات اٹھائے اور اب بھی انکی کوشش ہے کہ وہ صوبے میں ترقیاتی عمل کو تیز کریں جس کے لئے وہ متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں ان کی حکومت بلوچستان میں ترقی و خوشحالی کے وژن کو لیکر آگے بڑھ رہی ہے جس میں چیف سیکرٹری بلوچستان اور دیگر سیکرٹریز کی ٹیم بھی ان کے ساتھ بھرپور معاونت اور تعاون کررہی ہے جوکہ خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں سیاسی تبدیلی کے باعث پہلے ہی کافی وقت ضائع ہوچکا ہے لہذا ب ضرورت اس امر کی ہے کہ رواں مالی سال کی جو بھی ترقیاتی اسکیمات ہیں ان پر تیزی سے کام کیا جائے اور اس ترقیاتی فنڈ کو جلد از جلد ریلیز کیا جائے تاکہ ترقی و خوشحالی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ماضی میں اربوں روپے لیپس ہوجاتے تھے ہمیں امید ہے کہ وزیراعلی قدوس بزنجو کی سربراہی میں چیف سیکرٹری بلوچستان اور ان کی با صلاحیت ٹیم ترقی و خوشحالی کے لئے موثر قدامات اٹھائے گی اور اس مرتبہ ترقیاتی فنڈز کو لیپس ہونے سے بچا کر ایک نئی تاریخ رقم کرے گی اسی میں صوبائی حکومت کی بھی نیک نامی ہے ہمارے پاس دو ماہ کا قلیل وقت ہے نئے مالی سال کے بجٹ کی بھی تیاریاں عروج پر ہیں لہذا حکومت اس حوالے سے فوری اقدامات اٹھائے ۔



