پی ڈی ایم کا آج کوئٹہ میں پاور شو، شہر میں دفعہ 144 نافذ، ڈبل سواری پر پابندی
کوئٹہ: گوجرانوالہ اور کراچی کے بعد پی ڈی ایم آج کوئٹہ میں پاور شو کر رہی ہے،مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان پہنچ گئے، بلاول بھٹو کا ویڈیو لنک خطاب متوقع ہے۔ شہر میں دفعہ 144 فافذ کر دی گئی، موٹرسائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی ہو گی۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا حکومت مخالف تیسرا جلسہ آج کوئٹہ میں ہو گا، ایوب اسٹیڈیم میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، حکومت مخالف احتجاج میں تیزی آنے لگی، اپوزیشن آج کوئٹہ میں میدان لگائے گی۔
جلسے سے صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن اور مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز، اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبد المالک بلوچ سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔ بلاول بھٹو کا ویڈیو لنک کے ذریعے جلسے سے خطاب کا امکان ہے۔
دوسری طرف بلوچستان حکومت نے پی ڈی ایم کے جلسے کے موقع پر شہر میں دفعہ 144نافذ کر دی، موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی لگادی گئی ہے۔
نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے کوئٹہ میں دہشت گرد حملے کا تھریٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردارکیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) نے پشاور اور کوئٹہ میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کی ہے۔ نیکٹا کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے بم اور خودکش دھماکوں سے سیاسی اور مذہبی قیادت کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔