شازیہ خشک نے مذہب کی خاطر شوبز کو خیرباد کہہ دیا
معروف گلوکارہ شازیہ خشک نے شوبز کو خیرباد کہہ دیا۔
شازیہ خشک معروف سندھی لوک گلوکارہ ہیں اور وہ ‘لال میری پت’ جیسے گیت گا کر مشہور ہوئیں اور انہوں نے دنیا کے بڑے اسٹیجز کے ساتھ ساتھ مختلف مزارات پر بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے۔
گزشتہ کچھ عرصے سے وہ منظرِ عام سے غائب تھیں اور اب ان کی زندگی کے حوالے سے ایک نئی خبر سامنے آئی ہے۔
شازیہ خشک نے موسیقی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ 2018 سے ہی گائیکی چھوڑ چکی ہیں اور انہوں نے یہ راستہ اللہ اور اسلام کی خاطر اختیار کیا ہے۔
یہ پڑھیں: اے آر وائی پروگرام میں لوک گلوکارہ شازیہ خشک نے کون سا کھیل کھیلا؟
صحافی سے گفتگو میں گلوکارہ نے انکشاف کیا کہ جنید جمشید کی وفات کے بعد وہ شدید صدمے اور کیفیت سے دوچار ہوئیں، اسی وقت انہوں نے موسیقی کا شعبہ ترک کرنے کا فیصلہ کرلیا، آہستہ آہستہ انہوں نے ہمت جمع کی اور پردہ کرنا شروع کر دیا۔
گلوکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے جڑواں بچے بیرونِ ملک مقیم ہیں لیکن وہ جانتی ہیں کہ وہ کبھی تنہا نہیں ہوں گی کیونکہ اس زندگی اور سفر میں اللہ ہمیشہ ان کے ساتھ ہے۔
انٹرنیٹ پر لوگ شازیہ خشک کے لیے دعائیں اور نیک خواہشات کا اظہار کررہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ اللہ آپ کے اس سفر میں برکت عطا فرمائے۔ ایک اور نے کہا کہ یہ ہدایت صرف خوش نصیبوں کو ہی ملتی ہے۔
