وزیراعظم سندھ میں گورنر راج لگادیں، وفاقی وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو تجویز دی ہے کہ سندھ میں فوری طور پر گورنر راج لگادیں۔
اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو کہا ہے کہ سندھ کے حکمرانوں نے ارکان کی جو خرید و فروخت کی ہے، جس طرح لوگوں کے ضمیر خریدنے کے لیے سندھ کے پیسوں کا بے دریخ استعمال کیا گیا ہے اس پر میں نے وزیراعظم کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سندھ میں گورنر راج لگادیں۔
انہوں نے کہا پیسوں کے ذریعے لوگوں کے ضمیروں کو خریدنا جمہوریت کے خلاف سازش ہے، جو رکن اسمبلی اپنی مرضی سے ووٹ دینا چاہتا ہے وہ ووٹ دے لیکن پیسے لے کر ضمیر بیچ کر ووٹ دینا مکروہ عمل ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ہم سندھ ہاؤس میں کارروائی کرنے نہیں جارہے، حکومت کے خلاف سندھ ہاؤس میں جانے والے لوگ بے نقاب ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بکنے والے لوگ پیسوں کے لالچ میں گئے ہیں، یہ لوگ جانیں اور ان کے حلقوں کے عوام جانیں، ہم ان کے خلاف کوئی کارروائی کرنے نہیں جارہے ہیں۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا مزید کہنا تھا کہ پوری قوم وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، 27 مارچ کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں لاکھوں لوگوں کا سمندر موجود ہوگا.
صحافی کی جانب سے پوچھے جانے پر کہ آئین اور قانون کے تحت کیا وزیراعظم سندھ میں ایمرجنسی نافذ کرسکتے ہیں، جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سندھ میں ایمرجنسی نافذ کرسکتے ہیں، اب یہ ان کی مرضی ہے کہ وہ صوبے میں گورنر راج لگاتے ہیں یا نہیں، لیکن میں سندھ میں گورنر راج نافذ کرنے کی اپنی تجویز اعظم کو دے کر آگیا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ 21 مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس ہو سکتا تھا مگر ہم نے او آئی سی اجلاس کے باعث 21 ، 22 23 اور 24 مارچ کو چھٹی دی ہے، 23 مارچ کو دنیا کی عظم ترین فوج کی عظیم ترین فوج پریڈ ہوگی۔
شیخ رشید نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ 25 مارچ سے ملک کے میڈیا پر شیخ رشید ہوگا اور وزیراعظم عمران خان کی سپورٹ ہوگی۔
اس موقع پر میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ میں صحافیوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ان بکنے والے ارکان کو قوم کے سامنے بے نقاب کیا۔