مچھ میں قتل افراد کی تدفین میں رکاوٹ شہدا کے لواحقین نہیں بلکہ وزیراعظم ہیں، سراج الحق

0 29

کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مچھ میں قتل افراد کی تدفین میں رکاوٹ شہدا کے لواحقین نہیں بلکہ وزیراعظم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بھائیوں کو ذبح کیا گیا لیکن اس سے بڑھ کر ظلم یہ ہے کہ یہاں کچھ لاشیں موجود ہیں جن میں روح نہیں ہے اور کچھ زندہ لاشیں اسلام آباد میں ہیں جو مظلوم کی آواز، ان کی آہ و بکا اور فریاد نہیں سن رہے ہیں جو اپنے آپ کو حکمران کہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ 10 لوگوں کو ذبح نہیں کیا گیا بلکہ 22کروڑ عوام کو ذبح کیا گیا، غریب اور بے کس و لاچار مزدوروں پر حملے کو ہم 22 کروڑ عوام پر حملہ تصور کرتے ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کے وفاقی وزرا کہتے تھے کہ اگر کوئی آدمی قتل ہو جائے تو جب تک اس کا قاتل گرفتار نہ ہو تو ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت وقت اس کی قاتل ہے، آج صوبائی دارالحکومت میں یہ دس لاشیں موجود ہیں تو ان کا قاتل ہم اس وقت تک اس حکومت کو ہی تصور کرتے ہیں جب تک کہ ان کے قاتل کو گرفتار کر کے سزا نہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ میں عمران خان سے کہتا ہوں کہ آپ کے غرور و تکبر کی وجہ سے پاکستان کی بدنامی ہو رہی ہے، آپ کو ان کے مطالبے کے بغیر پہلے دن ہی یہاں حاضر ہونا چاہیے تھا اور اس سانحے کے بعد کابینہ کا اجلاس اسلام آباد کے بجائے کوئٹہ میں کرنا چاہیے تھا تاکہ اس برادری کو سکون ملتا ہے کہ حکومت ہماری پشت پر موجود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے جو رویہ اختیار کیا وہ دہشت گردوں کو حوصلہ اور شہ دیتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.