ناراض بلوچوں کو قومی دھارے میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں : قدوس بزنجو
کوئٹہ : وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ناراض بلوچوں کو قومی دھارے میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں، صوبے میں تحریک عدم اعتماد ایک دن بعد آئے یا سو دن بعد مجھے فرق نہیں پڑتا، وفاق میں عدم اعتماد کے فیصلے کا اختیار بی اے پی کے وفاقی نمائندوں کو دے دیا ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے ایوب اسٹیڈیم میں منعقد تقریب کے اختتام کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ ناراض بلوچوں کو قومی دھارے میں شامل ہونے کی دعوت دیتا ہوں، ریکوڈک معاہدہ سے متعلق پریس کانفرنس کروں گا جس میں معاملات پر بات کروں گا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں تحریک عدم اعتماد ایک دن بعد آئے یا سو دن بعد مجھے فرق نہیں پڑتا، رکن اسمبلی ظہور بلیدی کے روئیے پر افسوس ہے حکومت کے بناتے وقت ظہور بلیدی ساتھ تھے انہیں غلط نہیں کہوں گا وہ اپنی گی ٹھیک میں اپنی جگہ ٹھیک ہوں انکی اپنی سیاست میری اپنی سیاست ہے عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ ہر قسم کی تھریٹس کو جوتے کی نوک پر رکھتاہوں زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، وفاق میں عدم اعتماد کے حوالے سے فیصلہ کا اختیار بی اے پی کے ارکان قومی اسمبلی کو دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بی اے پی کے وفاقی نمائندوں کو بلوچستان کیلئے جو ٹھیک لگے وہ فیصلہ کریں۔بلوچستان کی موجودہ حکومت کو دھرنے ورثے میں ملے تھے سب دھرنوں کی طرح ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کامسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔