ووٹنگ سے پہلے عدم اعتماد کامیاب ہو چکی: حافظ حمد اللّٰہ

0 32

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ کا کہنا ہے کہ تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ سے پہلے عدم اعتماد کامیاب ہو چکی ہے۔

جاری کیے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ عمران نیازی کا وزیرِ اعظم رہنے کا اب کوئی جواز نہیں ہے، عمران خان پر ان کی اپنی پارٹی کے 2 درجن سے زیادہ اراکینِ اسمبلی عدمِ اعتماد کا اظہار کر چکے ہیں۔

حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ سندھ ہاؤس پر حملے میں ٹائیگر فورس کے غنڈوں کے ساتھ دو ایم این اے بھی شریک جرم رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے 2 ایم این ایز کی ہدایات پر یہ دہشت گردی ہوتی رہی ہے، حملے میں ملوث 2 ایم این ایز سمیت فواد چوہدری اور شیخ رشید کو بھی عدالت سے طلب کرنے کی درخواست ہے۔پی ڈی ایم کے ترجمان نے کہا کہ فواد چوہدری چند دنوں سے اشتعال انگیز اور دھمکی آمیز بیانات دیتے رہے ہیں، شیخ رشید نے وزیرِ داخلہ کی حیثیت سے کیا ذمے داری ادا کی ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ فواد چوہدری نے اپنے بیانات سے اشتعال انگیزی اور غنڈہ گردی میں سہولت کار کا کردار ادا کیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللّٰہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ حملے میں ملوث افراد سمیت 2 ایم این ایز کو عبرت ناک سزا ملنی چاہیے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.