
مسلم لیگ ق کے رہنما اور پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الہیٰ نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف کے دس سے زائد اراکین لاپتہ اور اپوزیشن کی سیف کسٹڈی میں ہیں۔
چوہدری پرویز الہیٰ نے نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ تحریک انصاف کے 10 سے 12 اراکین ہم سے ملنے آئے تھے جنہیں اب ہم بھی تلاش کررہے ہیں مگر وہ لاپتہ ہیں اور امکان ہے کہ وہ خود اپنی حفاظت کے لیے اپوزیشن کے پاس ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کا جھکاؤ بھی اب اپوزیشن کی طرف ہے، جن کی طرف (حکومت) زیادہ دیکھتے تھے وہ اب بالکل نیوٹرل (غیر جانبدار) ہیں۔
مسلم لیگ ق کے رہنما کا کہنا تھا کہ ’پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کی پیش کش پہلی بار نہیں ہوئی بلکہ اکثر ہوتی رہتی ہے، شہباز شریف نے بھی اسی طرح کی پیش کش کی اور مولانا فضل الرحمان صاحب گھر آئے تو انہوں نے بھی یہی بات کی تھی۔ پرویز الہیٰ نے کہا کہ ’عمران خان صاحب جب ملاقات کے لیے آئے تو انہوں نے ہم سے کسی بات کا کوئی ذکر نہیں کیا اور ایم کیو ایم سے بھی انہوں نے کوئی بات نہیں کی‘۔




