
کوئٹہ : جمعیت علما اسلام (نظریاتی )پاکستان کے مرکزی سینئر نائب امیر صوبائی امیر بلوچستان مولاناعبدالقادرلونی مرکزی جنرل سیکرٹری مفتی شفیع الدین، ڈپٹی جنرل سیکرٹری نجم خان ایڈووکیٹ جوائنٹ سیکرٹری مولانا محمودالحسن قاسمی مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید حاجی عبدالستار شاہ چشتی نے کہا کہ جمہوری نظام لپیٹنے کی سازش ملک کے مفاد میں نہیں، ملک کے مسائل کا حل انتشار وافراتفری میں نہیں، غیر آئینی اقدامات نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں اور مسائل سے دوچار کیا۔ انہوں نے کہا کہ غیر آئینی اقدامات ملک کی اساس کو کمزور کیا جارہا ہے، تیسری قوت باﺅنڈری لائن سے باہر بیٹھ کر اپوزیشن اور حکومت کی بوکھلاہٹ کا تماشہ دیکھ رہی ہے۔ ملک کو ہر لحاظ سے عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے انتشار اور خلفشار پیدا کیا جارہا ہے، بیرونی قوتوں کے اشاروں پر ناچنے کی بجائے قوم وملک کے مفاد کا سوچنا چاہیے، تصادم کی سیاست سے ہمیشہ جمہوریت اور ملک کو نقصان پہنچا ہے، جس کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی حدود جمہوری نظام کا بنیادی تصور ہے ، آئین پر من و عن عملدرآمد معاشرے میں امن و استحکام کو یقینی بناتا، انتشار اور بے یقینی سے بچاتا ہے۔ آئین سے روگردانی اور اس کی خلاف ورزی ریاست سے دشمنی تصور ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن نے اپنے مفادات کی آڑ میں جمہوری روایات کا جنازہ نکال دیا عوام کی فکر کسی کو نہیِں،صرف اقتدار کی رسہ کشی کا کھیل ہے آئین کی پاسداری کرنے کے دعویداروں نے سیاسی مزاحمت سے آئین کو پاﺅں تلے روندا ہے۔


