وزیر داخلہ کی ہدایت پر نادرا کی 240 ترقیاں منسوخ
اسلام آباد : وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی ہدایت پر نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 240 ملازمین کی ترقی سے متعلق اپنے فیصلہ کو واپس لے لیا۔
آف آرڈر جو 25 جنوری کو جاری ہوا تھا اور جسے صرف 4 روز بعد منسوخ کردیا گیا اس میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین نادرا 240 ملازمین (جو پروموشن بورڈ 2018 میں این آئی ایس کے اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے تھے) کی خدمات کے اعتراف میں (سوائے ان کے جن کا ترقی سے متعلق کسی جرمانے کا سامنا کرنا پڑا ہو)، ان کی تنخواہ کا تعین اور 2 انکریمنٹس کے ساتھ اگلے گریڈ میں ترقی دینے پر راضی ہیں اور اس کا اطلاق یکم جولائی 2021 سے ہوگا‘۔
اس حوالے سے وزیر داخلہ نے ڈان کو بتایا کہ ان کی ہدایت پر ترقی کے احکامات واپس لیے گئے کیونکہ یہ چیئرمین کے لیے ’نامناسب‘ ہے کہ ایسے وقت میں اس طرح کا فیصلہ لے جب 8 فروری کو ان کی 3 سالہ مدت پوری ہورہی ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ نادرا کا اگلا چیئرمین کون ہوگا تو وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اگلے چیئرمین کی تعیناتی میرٹ پر مبنی عمل کے ذریعے کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نئے چیئرمین کے انتخابات کے عمل کے دوران اتھارٹی کا سب سے زیادہ سینئر افسر قائم مقام چیئرمین کے فرائم انجام دے گا۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ نادرا چیئرمین کے عہدے کے لیے درخواستیں طلب کرنے کے لیے جلد ہی اخبار میں اشتہار دے دیا جائے گا، جس کے بعد طریقہ کار کی تمام ضروریات کو پورا کرنے کے بعد وفاقی کابینہ کو 3 نام بھجوائے گی جو ان میں سے ایک کو حتمی شکل دے گی۔
شیخ رشید احمد نے نادرا آرڈیننس کے سیکشن 3 (7) کا حوالہ دیا جو کہتا ہے کہ ’چیئرمین نادرا کمپیوٹر سائنس، انجینئرنگ، اسٹیٹسٹکس، ڈیموگرافی، لا، بزنس منیجمنٹ، فنانس، اکاؤنٹنگ، اکنامکس، سول یا ملٹری ایڈمنسٹریشن، یا فیلڈ آف رجسٹریشن کے شعبے میں تجربے کے ساتھ قابل اور معروف شخصیت کا حامل ہوگا‘۔
انہوں نے کہا کہ پروموشن بوڈ جو جولائی 2020 میں ہونا تھا وہ ابتدائی طور پر قانون کی عدالت کے حکم امتناع کے باعث روک دیا گیا تھا اور پھر اس کو نئے چیئرمین کی تعیناتی تک ایک طرف کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پروموشن بورڈ مؤخر کرنے کا فیصلہ اس لیے لیا گیا کیونکہ وزیر داخلہ محکمے کے سربراہ کی مدت ملازمت ختم ہونے کے قریب ترقیوں کو بطور احسان دیکھ رہے تھے اور چاہتے تھے کہ نئے چیئرمین کی جانب سے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد یہ سب کیاجائے۔