سرینگر :پاکستانی پرچم لہرا ئے گئے ‘حملے میں بھارتی فوجی ہلاک
سرینگر : مقبوضہ کشمیر میں حریت پسندوں کے حملے میں1بھارتی فوجی ہلاک اور3زخمی ہو گئے ،سرینگر میں بہادر کشمیریوں نے پاکستانی پرچم لہرا دئیے ۔دنیا نیوزکے مطابق پاکستان سے اظہار محبت کرتے ہوئے بہادر کشمیر یوں نے بھارتی فوج کی موجودگی کے باوجودگزشتہ روز سری نگر کے مرکزی دروازے سمیت کئی مقامات پر سبز ہلالی پرچم لہرادئیے ،جس پر بھارتی فوج نے آگ بگولہ ہو کرگرفتاریوں کیلئے چھاپے مارناشروع کر دئیے ۔ادھر ضلع کولگام کے علاقہ شمسی پورہ میں حریت پسندوں نے بھارتی فوجی پارٹی پر دستی بم پھینک کر تباہی مچا دی ،دھماکے سے بھارتی فوج کا1اہلکار ہلاک ،3زخمی ہو گئے ،حملے کے بعدقابض فورسز نے علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کردیا۔27جنوری 1994کو کپواڑ ہ بازار میں بھارتی فوجیوں کی اندھا دھند فائرنگ سے شہید ہونیوالے 27بیگناہ کشمیریوں کی یاد میں گزشتہ روز قصبے میں مکمل ہڑتال رہی اورمزار شہداپر فاتحہ خوانی کی گئی،المناک واقعے کے 27برس بعد بھی شہدا کے لواحقین انصاف کے منتظر ہیں۔دوسری طر ف چیئرمین انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس محمد احسن اونتو نے امریکی صدر جو بائیڈن کے نام اپنے خط میں لکھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام انہیں بھارتی مظالم سے نجات دلانے کی واحدکرن سمجھتے ہیں۔محمد احسن اونتونے لکھاکہ بھارتی حکومت فوج کے بل بوتے پر مظلوم کشمیریوں کو حقوق سے محروم کرکے دیوار کے ساتھ لگا رہی ہے ،انہوں نے مزید لکھاکشمیریوں کی مشکلات کی اصل وجہ تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے ،اگر چہ بھارت جمہوری اقدار کا احترام کرنے کا دعویدارہے لیکن کشمیری عوام کو دبانے کیلئے وہ غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے ۔