شاداب انجری کا شکار ، نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر
لاہور، راولپنڈی ( سپورٹس رپورٹرز) شاداب خان نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر، ظفر گوہر سکواڈ کا حصہ بن گئے ۔آلراؤنڈر شاداب خان نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔شاداب نے نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کے بعد اپنی بائیں ٹانگ میں تکلیف کی شکایت کی ۔ شاداب خان کا ایم آر آئی سکین آج ترنگا میں کر ایا جائے گا، جس کی رپورٹ کے بعد ہی ان کی انجری کی اصل نوعیت سامنے آئے گی کہ انہیں کرکٹ میں واپسی کیلئے کتنا وقت درکار ہے ۔شاداب خان چھبیس سے تیس دسمبر تک ماؤنٹ مانگنوئی میں شیڈول نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے دستیاب نہیں ہیں، لہذا ٹیم مینجمنٹ نے ظفر گوہر کو بطور متبادل سپنر پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کرلیا ہے ۔ ظفر گوہر نے ہیملٹن سے بذریعہ بس قومی ٹیسٹ سکواڈ کو ترنگا میں جوائن کرلیا ہے ۔ پچیس سالہ سپنر اب تک 39 فرسٹ کلاس میچوں میں 144 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، وہ 6 مرتبہ ایک اننگز میں 5 جبکہ 2 مرتبہ میچ میں 10 وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں۔ قومی ٹیسٹ سکواڈ میں محمد رضوان(پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے کپتان)، سرفراز احمد، ظفر گوہر، عابد علی، اظہرعلی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، حارث سہیل، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔