قومی ٹیم انتظامیہ عماد وسیم کو مناسب انداز سے استعمال کرے ،راشد لطیف
کراچی: سابق قومی کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ آل راؤنڈر عماد وسیم کو مناسب انداز سے استعمال نہیں کر رہی جس کی وجہ سے ان کے اعتماد میں کمی آئے گی اور آخرکار محمد عامر جیسا ایک اور باغی منظر عام پر ابھرے گا۔راشد لطیف کے مطابق عماد وسیم کا متبادل قومی ٹیم میں موجود نہیں لیکن انہیں کیویز کیخلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں باہر کردیا گیا جبکہ اس سے قبل کھیلے گئے میچوں میں انہیں بالنگ کیلئے تاخیر سے لایا گیا اور پاور پلے میں غیر معمولی ریکارڈ رکھنے والے اسپنر کو دونوں میچوں میں محض پانچ اوورز کرانے کا موقع مل سکا جبکہ بیٹنگ کے دوران بھی انہیں فہیم اشرف کے بعد بھیجا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں شیڈول آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں عماد وسیم اہمیت کے حامل پلیئر ہو سکتے ہیں لیکن ان کے ساتھ یہی نامناسب سلوک روا رکھا گیا تو دوسرا محمد عامر تیار ہو جائے گا۔