پی ڈی ایم کوئٹہ جلسے کی تیاریاں تیز شہر میں بینرز اور سائنس بورڈ ز آویزاں
کوئٹہ: پاکستان جمہوری تحریک کے زیراہتمام جلسہ عام کل ایوب اسٹیڈیم میں ہوگا اس سلسلہ میں تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی جانب سے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں سیاسی جماعتوں کے پرچم‘ سائن بورڈز پر بینرز آویزاں اور استقبالیہ کیمپس قائم کر دیئے گئے بلکہ سیاسی جماعتوں کے قائدین کی جانب سے عوام کو جلسہ میں شرکت کے لئے پمفلٹس بھی تقسیم کئے جارہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان جمہوری تحریک کے زیراہتمام کل بروز اتوار 25 اکتوبر کو کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں جلسہ عام کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہے اس سلسلہ میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے جلسہ عام میں عوام کی شرکت کے لئے پمفلٹس تقسیم کئے جارہے ہیں شہر کی مختلف شاہراؤں گلی کوچوں میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے جھنڈے بینرز آویزاں کئے گئے ہیں بلکہ مختلف داخلی شاہراؤں پر استقبالیہ کیمپس بھی قائم کئے گئے ہیں۔سیاسی جماعتوں کے قائدین کی جانب سے پمفلٹس بھی تقسیم کئے جارہے ہیں جلسہ کے حوالے سے صوبائی حکومت کی جانب سے سیکورٹی انتظامات سمیت ٹریفک پلان بھی ترتیب دے دیا گیا ہے بلکہ جلسہ گاہ میں داخلی گیٹس پر عوام میں سینی ٹائزر اورماسک بھی تقسیم کئے جائیں گے جلسہ عام میں شرکت کے لئے سیاسی جماعتوں کے مرکزی قائدین آج کوئٹہ پہنچ رہے ہیں۔جلسہ عام سے پی ڈی ایم کے مرکزی صدر اور جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانافضل الرحمان پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی نائب صدر مریم نوازشریف‘ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان‘پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمودخان اچکزئی‘ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اخترجان مینگل‘ نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ‘ قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ‘ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے پروفیسر ساجد میر‘ جمعیت علماء پاکستان کے مولانا شاہ اویس نورانی و دیگر خطاب کریں گے۔