اہم خبریںبین الاقوامی

طالبان کیساتھ امن معاہدے پر نظرثانی کرینگے:امریکا,جائزہ لیں گے

واشنگٹن  :  جوبائیڈن انتظامیہ نے افغان طالبان کیساتھ امن معاہدے پر نظر ثانی کا عندیہ دے دیا۔ ترجمان امریکی نیشنل سکیورٹی کونسل نے بتایا کہ جوبائیڈن انتظامیہ کے مشیر قومی سلامتی جیک سولیوان نے افغان ہم منصب حمد اللہ موحب سے سے گفتگو کی جس میں انہوں نے واضح کیا کہ امریکا طالبان کیساتھ امن معاہدے پر نظر ثانی کرنا چاہتا ہے ۔ جس میں جائزہ لیا جائے گا کہ اٖفغان سرزمین پر تشدد میں کتنی کمی ہوئی اور دوحہ ڈیل پر کتنا عمل ہوا۔ طالبان کے دہشت گرد گروپوں کیساتھ روابط اور کابل حکومت و دیگر فریقوں کیساتھ بامقصد مذاکرات جیسے وعدوں کا جائزہ بھی لیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ جیک سولیوان نے اس بات پر زور دیا کہ امریکا فعال علاقائی سفارتی کوششوں کے ذریعے افغان امن عمل کی مکمل حمایت کرے گا تاکہ مکمل جنگ بندی، منصفانہ سیاسی تصفیے اور پائیدار امن کی راہ ہموار کی جا سکے ۔جیک سولیوان نے افغان ہم منصب کیساتھ خواتین اور اقلیتی گروپوں کے حقوق کے تحفظ پر بھی بات چیت کی۔ نیوز ایجنسی کے مطابق رابطے پر قطر میں افغان طالبان کے ترجمان محمد نعیم نے کہا کہ وہ امن معاہدے میں کئے گئے وعدوں پر عمل درآمد کیلئے پرعزم ہیں اور دوسروں سے بھی معاہدے کی پاسداری کی توقع کرتے ہیں۔ دوسری جانب افغانستان کی حکومت نے طالبان کیساتھ امن معاہدے پر نظرثانی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے ۔ افغانستان کے قائم مقام وزیر برائے امن عبداللہ خانجانی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ امریکی نظرثانی کا نتیجہ جنگ بندی کی صورت میں نکلنا چاہیے جوکہ افغان عوام کا سب سے بڑا مطالبہ ہے ۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button