سلیم یوسف کرکٹ کمیٹی کے سربراہ،محمد وسیم چیف سلیکٹر مقرر

0 35

لاہور: پی سی بی نے محمد وسیم کو قومی کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر کردیا،سابق بیٹسمین کو ناردرن ایریاز کے ہیڈ کوچ کا عہدہ چھوڑنا پڑے گا جو قائد اعظم ٹرافی کے اختتام پر آئندہ ماہ شیڈول جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کیلئے پہلی مرتبہ ذمہ داری نبھائیں گے جس کیلئے ایسوسی ایشنز کے ہیڈ کوچز پر مشتمل نظام برقرار رکھا گیا ہے ،سابق وکٹ کیپر سلیم یوسف کو کرکٹ کمیٹی کی سربراہی سونپ دی گئی ہے جو جنوری میں فرائض کی انجام دہی کیلئے تیار ہیں،چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے دونوں عہدوں کیلئے منظوری دے دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے مصباح الحق کی دستبرداری کے بعد تین ہفتے تک خالی رہنے والی قومی چیف سلیکٹر کی کرسی پر 43سالہ سابق بیٹسمین محمد وسیم کو براجمان کردیا ہے جنہوں نے 1996 سے 2000 تک 18ٹیسٹ میچوں میں ڈیبیو پر سنچری سمیت 783اور 25 ون ڈے میچوں میں 543 رنزبنائے اور کھیل سے علیحدگی کے بعد کوچنگ کا شعبہ اپنا لیا اور 30 نومبر تک وہ ناردرن کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے مصباح الحق کی سربراہی میں کام کرنیوالی سلیکشن کمیٹی کے رکن بھی رہے ۔محمد وسیم کی کوچنگ میں ناردرن نے گزشتہ برس نیشنل ٹی 20کپ جیتااور قائد اعظم ٹرافی میں رنرز اپ پوزیشن یقینی بنائی جبکہ حالیہ سیزن میں بھی ان کی ٹیم آٹھویں راؤنڈ کے بعد قائداعظم ٹرافی میں دوسرے نمبر پر موجود ہے ۔ پی سی بی نے سابق وکٹ کیپر بیٹسمین سلیم یوسف کو کرکٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا ہے جسے سابق چیئرمین اقبال قاسم رواں برس ستمبر میں خود کو بے اختیار سمجھتے ہوئے چھوڑ گئے تھے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.