
کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت سے پولیو وائرس کا کیس سامنے آگیا۔ محکمہ صحت کے حکام نے تصدیق کی کہ کوئٹہ میں 9 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران والدین نے بچے کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کردیا تھا۔ بلوچستان میں رواں سال پولیو کے کیسز کی تعداد 21 تک پہنچ گئ
صوبے کے دارالحکومت کوئٹہ کے ساتھ ساتھ پشین اور قلعہ عبداللہ کے اضلاع پولیو وائرس سے متعلق حساس قرار دیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صوبہ پنجاب کے علاقے ہارون آباد میں ایک 18 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔
قبل ازیں گزشتہ ماہ صوبہ پنجاب کے ضلع بہاولپور میں ایک ماہ کے دوران پولیو وائرس کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
بہاولپور: ضلع میں ایک اور پولیو وائرس کا کیس سامنے آگیا اور ایک 8 ماہ کے بچے میں وکٹوریا ہسپتال بہاولپور نے وائرس کی تصدیق کردی۔
مزید یہ کہ 17 ستمبر کو یہ بات سامنے آئی کہ ملک کے 2 صوبوں پنجاب اور بلوچستان سے 9 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے جس میں 7 کیسز جاری ویکسین سے ماخود پولیو وائرس ٹائپ ٹو (سی وی ڈی پی وی 2) کے تھے۔
خیال رہے کہ پولیو ایک انتہائی معتدی مرض ہے جو زیادہ تر 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو اپنا شکار بناتا ہے، یہ اعصابی نظام پر اثر انداز ہو کر معذوری بلکہ موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
پولیو کا اب تک کوئی علاج دریافت نہیں ہوا البتہ ویکسینیشن بچوں کو اس بیماری سے محفوظ رکھنے کا سب سے مؤثر طریقہ ہے۔




