حکومت کو دو تہائی اکثریت حاصل کرنے سے روکنے کیلئے سینیٹ الیکشن میں حصہ لیں گے
اسلام آباد : احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صفوں میں دراڑیں پڑچکی، نیب صرف ایک آنکھ سے اپوزیشن کو دیکھ رہا ہے، سینیٹ میں حکومت کو دو تہائی اکثریت حاصل کرنے سے روکنے کیلئے انتخابات میں حصہ لیں گے، قومی اثاثوں کے بجائے عمران خان اپنا گھر گروی کیوں نہیں رکھتے۔
پاکستان مسلم لیگ نون احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جعلی ریفرنس صرف کردار کشی کیلئے بنائے گئے، جھوٹے کیسز پر کروڑوں روپے ضائع کئے جا رہے ہیں، نااہل حکومت ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے پر تلی ہے، وزیراعظم اپنا 300 کنال کا محل کیوں گروی نہیں رکھتے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نارووال سپورٹس سٹی منصوبے پر ڈھائی ارب خرچ کیے، ڈھائی ارب کو 6 ارب ظاہر کر کے ریفرنس دائر کیا گیا، منصوبوں کا پیچھا کر کے انہیں مکمل کرایا، کرسیوں پر بیٹھ کر دفاتر کے مزے نہیں لیتے رہے، کردار کشی کیلئے ہمارے خلاف جعلی ریفرنس بنائے گئے، ملک کو تباہ کر دیا گیا، معیشت کا برا حال ہے، ن لیگ کے منصوبے آج جگہ جگہ نظر آ رہے ہیں۔