شرجیل کی ٹیم میں شمولیت کا فیصلہ مشترکہ، مصباح کی دوٹوک وضاحت

لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کی تعریف کرنی چاہیے کہ وہ جنوبی افریقہ کا دورہ کر رہی ہے ۔مصباح الحق نے ورچوئل پریس کانفرنس کے دوران کہا کوشش کریں گے ساؤتھ افریقہ میں سیریز اچھی کھیلیں۔مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم کی حالیہ کارکردگی اچھی رہی ہے ٹیم کا بیک اپ بھی تیار ہو رہا ہے ، پول میں شامل تمام پلیئرز کو موقع دیں گے ۔مصباح الحق کا کھلاڑیوں کی فٹنس سے متعلق کہنا تھا کہ شرجیل خان کو بھی اندازہ ہے کہ اس نے فٹنس سٹینڈرڈ حاصل کرنا ہے ، شرجیل خان کی فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ شرجیل خان کی سکواڈ میں شمولیت کا فیصلہ سب نے مل جل کر کیا،یہ تاثر درست نہیں کہ شرجیل ہماری مرضی کے بغیر ٹیم میں آئے ، سب نے مل بیٹھ کر ان کے بارے میں پلان بنایا کہ بیٹنگ اور فٹنس پر کس طرح کام کرنا ہے ، پاکستان کی ٹیم اور شرجیل خان کو شامل کرنے کا فیصلہ مشترکہ ہے ۔مصباح الحق نے کہا کہ ہم نے کوئی سمجھوتا نہیں کیا، ہر پلیئر کے فٹنس کے معیار پر نظر ہے ، شرجیل کی فٹنس بھی جلد بہتری کی جانب جائے گی۔شرجیل خان کے سپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ ہونے کے سوال پر ہیڈکوچ کا کہنا تھا کہ یا تو یہ قانون بنادیں کہ فکسنگ میں سزا یافتہ کبھی نہیں کھیلے گا تو نہیں کھلائیں گے ۔اُن کا کہنا تھا کہ کسی کھلاڑی کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا، کسی سینئر کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا کہ اب اسے نہیں کھلانا۔مصباح الحق نے کہا کہ ہاریں یا جیتیں کرکٹ کمیٹی کا اجلاس دونوں صورتوں میں ہونا چاہیے ۔مصباح الحق نے مزید کہا کہ پاک بھارت سیریز جب ہوگی دیکھیں گے ابھی جو سیریز کھیل رہے ہیں اس پر فوکس ہے ، ہماری کوشش ہے اچھی ٹیم بنے ، حریف کوئی بھی ہو ہم اچھا کھیلیں۔پاکستان ٹیم میں بلے باز ،باؤلرز اور آل راؤنڈر اچھے ہیں، زیادہ تر ماضی میں ہمیں بیلنس کا مسٔلہ ہوتا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوچز کا کردار اہم ہوتا ہے وہ کھلاڑیوں کو بہتر کرنے کی تکنیک پر کام کرتے ہیں۔




