
لندن ( سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر کیون پیٹرسن نے کہا ہے کہ امید ہے پاکستان اور بھارت کو دوبارہ میدان میں اکٹھے دیکھنے کا خواب سچ ثابت ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو سابق کرکٹر پیٹرسن نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کی صحت یابی سے متعلق ٹویٹ کرنے سے پاکستان اور بھارت کے مابین دوطرفہ کرکٹ کی بحالی کی امید پیدا ہوگئی ہے ۔ پیٹرسن نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ نریندر مودی کے وزیراعظم عمران خان کے لئے ٹویٹ سے مجھے خوشی ہوئی۔ پاکستان اور بھارت کو دوبارہ میدان میں اکٹھے دیکھنے کا ایک خواب سچ ثابت ہوگا۔ ہم سب کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے اور اس سال نے ہمیں یہ دکھایا ہے ۔ پیٹرسن نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ امید ہے کہ صحت مند دوستی آگے بڑھے گی۔




