گستاخانہ خاکے ,فرانسیسی صدر اپنے دماغ کا علاج کرائے :اردوان
انقرہ : ترک صدر رجب طیب اردوان نے فرانسیسی صدر کی مسلم پالیسی پرتنقید کر تے ہو ئے ایمانویل میکخوان کودماغی علاج کا مشورہ دیدیا جبکہ گستاخانہ خاکوں کی دوبارہ اشاعت کیخلاف کئی مسلم ممالک میں فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ شروع کر دیا گیا ہے ۔فرانسیسی صدر نے کہاتھا کہ ہم یہ خاکے نہیں چھوڑیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق ترک صدر نے ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے کہا اس سربراہ مملکت کے بارے میں کیا کہا جائے جو اپنے ہی ملک کے لاکھوں ایسے شہریوں کے ساتھ امتیازی سلوک اس لیے روا رکھے ہوئے ہے کہ ان کا مذہب مختلف ہے ،فرانسیسی صدر کو چاہیے کہ اپنے دماغ کا علاج کرائے ،اردوان نے جرمن دارالحکومت برلن میں مسجد پر پولیس کے چھاپے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے تعصبانہ اور اسلاموفوبیا پر مبنی اقدام قرار دیا۔ ترک صدر نے کہا کہ صبح کی نماز ادا کرتے وقت مسجد میں پولیس کاآپریشن اس بات کا عکاس ہے کہ یہ امتیازی سلوک اور اسلامو فوبیا پر مبنی تھا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسے اقدامات سے یورپ پھر سے قرون وسطیٰ کے تاریک دور کے تھوڑا قریب ہو گیا ہے ،یورپ اسلام دشمنی میں اپنے آپ کو ختم کر لے گا، مسلمانوں کے خلاف اتحاد یورپ کو لے ڈوبے گا۔یورپ اسلام اور مسلمان دشمنی کی اس بیماری سے جلد باہر نہ آیا تو پورا یورپ صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا ،یورپ کا سیکولر ازم جھوٹ ، جھوٹ اور صرف جھوٹ ہے ۔ علاوہ ازیں رجب طیب اردوان کے بیان پر فرانس نے ترکی سے اپنا سفیر واپس بلا لیا۔ ترک میڈیا کے مطابق فرانس نے اپنے صدر کے متعلق ایک جملہ برداشت نہیں کیا تو مسلمان جان سے عزیز ہستی اپنے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ کی توہین کیسے گوارا کر سکتے ہیں؟ گستاخانہ خاکوں کے خلاف مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک میں فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم چلائی جا رہی ہے ۔سوشل میڈیا پر بائیکاٹ فرنچ پراڈکٹس اور بائیکاٹ فرانس نامی ہیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہے ہیں جبکہ کویت کی مارکیٹوں کے وہ شیلف خالی پڑے ہیں جن میں فرانسیسی مصنوعات رکھی تھیں۔