قومیں کپاس، کپڑا بیچنے سے نہیں، تعلیم سے آگے بڑھتی ہیں، وزیراعظم
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قومیں کپاس اور کپڑا بیچنے سے نہیں بلکہ تعلیم اور لوگوں پر سرمایہ کاری سے آگے بڑھتی ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے میانوالی کا دورہ کیا اور کیڈٹ کالج عیسی خیل کے ہاسٹل کا افتتاح اور عیسیٰ خیل میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔
بعدازاں وزیر اعظم نے کیڈٹ کالج کے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے کہا کہ 24سال پہلے اس علاقے میں پھرتا رہا ہوں اور مجھے معلوم ہے کہ اس علاقے کا ایک ہی مسئلہ تھا جو پانی کا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج جو ہم نے سوا تین ارب کی اسکیم کا اعلان کیا ہے، جس میں سوائے دو یونین کونسل کے ساری یونین کونسل کو پانی ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں اسکولوں کا مسئلہ بہت بڑا تھا کیونکہ لڑکیوں کے اسکول ٹیچرز ہی نہیں تھے، اس وجہ سے نہ یہاں نرس ملتی تھی، نہ لیڈی ڈاکٹرز ملتی تھیں، نہ ٹیچرز ملتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ یہاں جو پانی کا سب سے بڑا مسئلہ ہے وہ حل ہو جائے گا جبکہ لڑکیوں کے اسکول میں ٹیچرز کی دستیابی یقینی بنانے کے حوالے سے ہم عثمان بزدار کے ساتھ مل کر منصوبہ بنا رہے ہیں کہ کس طرح بچیوں کے اسکول میں ٹیچرز لانی ہیں اور بنیادی صحت کے مراکز کے ذریعے صحت کی ضروریات بھی پوری کرنی ہیں۔