تحریک انصاف کا ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن پر جانبداری کا الزام

0

اسلام آباد :  تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن پر جانبداری کا الزام لگا دیا۔ پاکستان تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کنڈکٹ کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

پی ٹی آئی رہنماء عامر محمود کیانی نے وکیل انور منصور خان اور شاہ خاور کے ذریعے دائر درخواست میں الیکشن کمیشن کے علاوہ مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم، جماعت اسلامی، عوامی مسلم لیگ، تحریک لبیک، باپ ، بی این پی، اے این پی، پی ٹی آئی سمیت 17 سیاسی جماعتوں کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں 17 سیاسی جماعتوں کے خلاف کیسز کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جانبداری کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی اکاؤنٹس کی طرح 17 سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی سکروٹنی سے انکاری ہے، الیکشن کمیشن کے رویے سے پی ٹی آئی متاثرہ پارٹی ہے، الیکشن کمیشن کو 17 سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی چھان بین کا حکم دیا جائے، الیکشن کمیشن کو حکم دیا جائے کہ اسٹیٹ بنک تمام سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی چھان بین کرے، اسٹیٹ بنک کی رپورٹ کے بعد الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی تفصیلات عام کرے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کو ہدایت کی جائے 17 سیاسی جماعتوں کے کیسز روزانہ کی بنیاد پر سن کر ایک ماہ میں فیصلہ کرے اور الیکشن کمیشن کو یہ ہدایت بھی کی جائے پی ٹی آئی کے ساتھ جانبدارانہ رویہ نہ رکھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.