بابر کیویز کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے آؤٹ،قیادت رضوان کے سپرد
لاہور( سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور اوپنر امام الحق انگوٹھے کی انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف 26 دسمبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے 17 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کردیا گیا قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور اوپنر امام الحق انگوٹھے کی انجری کے باعث پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہیں، بابراعظم کی عدم دستیابی کے باعث سکواڈ کے نائب کپتان محمد رضوان ہفتے سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے ۔ وہ کرکٹ کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے 33ویں کپتان ہوں گے ۔ٹور سلیکشن کمیٹی نے اوپنر عمران بٹ کو 17 رکنی قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کرلیا ہے ۔عمران بٹ کو پہلی مرتبہ قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ۔17 رکنی قومی سکواڈ میں محمد رضوان (پہلے ٹیسٹ کیلئے کپتان)، سرفراز احمد، شاداب خان، عابد علی، اظہرعلی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، حارث سہیل، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف شامل ہیں۔ پہلا ٹیسٹ ماؤنٹ مانگنوئی میں 26 تا 30 دسمبر جبکہ دوسرا ٹیسٹ کرائسٹ چرچ میں 3 تا 7 جنوری کھیلا جائیگا۔واضح رہے بابر اعظم اور امام الحق نے تاحال نیٹ پریکٹس کا آغاز نہیں کیا تاہم پی سی بی کا میڈیکل پینل مسلسل ان دونوں کھلاڑیوں کی انجری کامعائنہ کررہا ہے جب کہ دونوں کھلاڑیوں کی دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔