کھیل

آج پہلا ٹی20میچ,زمبابوے پر حکمرانی کا تسلسل گرین شرٹس کا ہدف

لاہور( سپورٹس رپورٹر) پہلا ٹی ٹونٹی میچ آج کھیلا جائیگا تو زمبابوے پر حکمرانی کا تسلسل پاکستان کا اصل ہدف ہوگا تاہم قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے گرین شرٹس کو غیر ضروری اطمینان سے گریز کی وارننگ دیتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ میزبان ٹیم کے پاس ہارنے کو کچھ نہیں جو کسی دباؤ کے بغیر کھیلتے ہوئے مشکلات کھڑی کر سکتی ہے ،نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کریں گے مگر کوشش یہی ہوگی کہ اپنے معیار کے مطابق بہترین کرکٹ کھیلیں،ہر سیریز سیکھنے کا موقع ہوتی ہے ۔پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کا پہلا معرکہ آج ہرارے سپورٹس کلب میں ہوگا تو میزبان ٹیم کیلئے مرکز نگاہ دو سینئر کھلاڑی کریگ ایروین اور برینڈن ٹیلر ہوں گے جو کپتان شان ولیمز پر ذمہ داریوں کا بوجھ کم کرنے کی کوشش کریں گے اور کوشش یہی ہوگی کہ14مرتبہ کی ناکام کوششوں کے بعد پاکستان کو پہلی بار ٹی ٹونٹی میچ میں زیر کیا جائے مگر دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے زمبابوے پر حکمرانی کا تسلسل قائم رکھنے کو اصل ہدف قرار دیتے ہوئے اپنے کھلاڑیوں کو غیر ضروری اطمینان سے گریز کی وارننگ بھی دے دی ہے کہ میزبان ٹیم کے پاس ہارنے کو کچھ نہیں جو کسی دباؤ کے بغیر کھیلتے ہوئے مشکلات کھڑی کر سکتی ہے ۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ہر سیریز سیکھنے کا ایک موقع ہوتی ہے اور پاکستانی ٹیم میں بھی تین چار کے سوا تجربہ کار کھلاڑی نہیں لیکن وہ نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دے کر دیکھنا چاہیں گے کہ وہ کیا کر سکتے ہیں مگر ہوم کنڈیشنز میں کھیلنے والی زمبابوین ٹیم کیخلاف کسی تن آسانی سے گریز کرتے ہوئے اپنے معیار کے مطابق بہترین کرکٹ کھیلی جائیگی۔قومی ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کیخلاف کامیابی نے بے پناہ اعتماد فراہم کیا اور کامیابی کا یہ تسلسل جاری رکھنے کی کوشش کی جائے گی لیکن اس بات کو فراموش نہ کیا جائے کہ زمبابوے جیسی ٹیم کیخلاف کھیلتے ہوئے بلند توقعات کے باعث زیادہ پریشر محسوس ہوتا ہے جو دباؤ سے پاک کرکٹ کھیلے گی جبکہ پاکستانی ٹیم کو مختلف ماحول میں الگ حریفوں کا مقابلہ درپیش ہے جن کیخلاف ایک غلطی بھی مہنگی پڑ سکتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ زمبابوے کیخلاف سیریز نوجوان کھلاڑیوں کیلئے سنہری موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو ثابت کر کے ٹیم میں جگہ پکی کریں لیکن تمام تر تبدیلیاں ایک مرتبہ نہیں بلکہ روٹیشن پالیسی کے تحت ہوں گی اور لوگوں کو شاہین آفریدی سمیت دوسرے کھلاڑیوں کی فکر چھوڑ دینی چاہئے کیونکہ ٹیم انتظامیہ پلیئرز کو کھلانے کے ساتھ آرام کرانے کا معاملہ بھی دیکھ رہی ہے ۔ پاکستان اور زمبابوے کی ٹی 20سیریز کا پہلا میچ آج پاکستانی وقت کے مطابق میچ 2 بجے دوپہر شروع ہوگا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button