
اسلام آباد(ویب ڈیسک )وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین 31 جنوری تک کورونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں فراہم کرے گا، چین نے5 لاکھ خوراکوں کی پہلی کھیپ مفت دینے کا وعدہ کیا، مستقبل قریب میں پاکستان کی ویکسین کی طلب 1.1ملین ہوگی، فروری کے آخر تک مزید خوراکیں مل جائیں گی، ویکسین دینے پر چینی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔انہوں نے این سی اوسی کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی قوم نے ہمت اور کامیابی کے ساتھ کورونا وبا کا مقابلہ کیا۔ چین نے کورونا ویکسین دینے کا وعدہ کیا ہے، چین نے پاکستان کو ویکسین کا جہاز بھیجنے کا کہا ہے، چین پاکستان کو 31 جنوری تک کورونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں فراہم کرے گا، چین ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں جذبہ خیرسگالی کے طور پرمفت دے رہا ہے،چین سے حاصل ہونے والی پہلی کھیپ خیرسگالی کے طور پر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ چین نے ہماری مستقبل کی کورونا ویکسین کی طلب کو پورا کرنے کیلئے بھی مثبت جواب دیا ہے۔مستقبل قریب میں پاکستان کو کورونا ویکسین کی طلب 1.1ملین ہوگی۔فروری کے آخر تک مزید خوراکیں مل جائیں گی۔ ویکسین دینے پر چینی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 ہزار 744 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 75 لاکھ 25 ہزار 432 ہوگئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار 363 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 27 ہزار 146 ہوگئی ہے




