ٹیم انتظامیہ کا اطمینان،گرین شرٹس کی قیادت کا مسئلہ حل
کراچی : نیوزی لینڈ کے دورے پر گرین شرٹس کی قیادت کا مسئلہ حل ہونے پر ٹیم انتظامیہ نے اطمینان کا سانس لے لیا کیونکہ فٹنس کی بحالی کے بعد شاداب خان کپتانی کیلئے تیار ہیں ۔ انگوٹھے کی انجری میں مبتلا قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی عدم موجودگی کے نتیجے میں پیدا ہونے والا قیادت کا بحران ختم ہو گیا جب قائم مقام کپتان شاداب خان نے گزشتہ روز ایڈن پارک میں ہونے والے ٹریننگ سیشن کے دوران کسی تکلیف کے بغیر بیٹنگ اور باؤلنگ کر کے اپنی فٹنس کی بحالی کا ثبوت دے دیا جو فیلڈنگ ڈرلز میں شرکت کے علاوہ ہیڈ کوچ مصباح الحق کے ساتھ ممکنہ پلیئنگ الیون پر مشاورت میں بھی مصروف دکھائی دئیے ۔ قومی کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ نے قیادت کا مسئلہ حل ہونے پر سکون کا سانس لیا ہے کیونکہ اس حوالے سے متبادل امیدواروں پر بھی غور کیا جا رہا تھا لیکن اب شاداب خان ہی پہلی مرتبہ پاکستان کی قیادت کیلئے تیار ہیں جن کو گروئن کی تکلیف کا سامنا تھا مگر آرام کے بعد وہ تکلیف سے نجات پا چکے ہیں۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے گزشتہ روز جمعے کو ہونے والے اولین معرکے کیلئے بھرپور ٹریننگ سیشن کیا جس کے دوران یونس خان نے بیٹسمینوں اور وقار یونس نے باؤلرز کی فائن ٹیوننگ کا سلسلہ جاری رکھا اور انہیں ہدایات اور مشورے دیتے رہے ۔ دوسری جانب وانگرائے میں موجود پاکستان شاہینز کی ٹیم نے بھی آج سے کیوی اے ٹیم کیخلاف شروع ہونے والے واحد چار روزہ میچ کیلئے ڈٹ کر مشقیں کیں اور کپتان روحیل نذیر کے ساتھ سینئر قومی کرکٹرز ایکشن میں نظر آئے ۔