جوہانسبرگ ( سپورٹس ڈیسک ) پاکستان نے جنوبی افریقہ کو چوتھے ٹی ٹونٹی میچ میں 3 وکٹ سے شکست دے کر سیریز 1 -3 سے اپنے نام کرلی۔فہیم اشرف کو مین آف دی میچ جبکہ بابر اعظم کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔ جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں قومی باؤلرز کی جاندار باؤلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 144 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف بمشکل ایک گیند قبل 7 وکٹ کے نقصان پر پورا کیا۔قومی ٹیم کی جانب سے محمد رضوان اور کپتان بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا، محمد رضوان کھاتہ کھولے بغیر دوسری ہی گیند پر پویلین واپس لوٹ گئے ۔فخرزمان 34 گیندوں پر 60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ بابراعظم 24 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹے ۔ محمد حفیظ 10، حیدر علی 3، آصف علی 5 اور فہیم اشرف 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے ۔اس سے قبل پاکستانی کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے جانیمن ملان اور ایڈن مارکرم نے اننگز کا آغاز کیا تاہم مارکرم 11 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے ۔ڈوسن 52 رنز پر آؤٹ ہوگئے جب کہ ملان 33 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جس کے بعد جنوبی افریقہ کا کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہوسکا۔

