چیئرمین نیب مظلوم آدمی ہے جسے حکومت بلیک میل کر رہی ہے، شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب مظلوم آدمی ہے حکومت اس کو بلیک میل کر رہی ہے، نیب کے ادارے کو بند کر کے اس ملک کو مصیبت سے نجات دلانی چاہیے، برطانیہ میں پاکستانی سفارت خانے کے اکاونٹس میں 30 ملین ڈالر ہونا بھی ایک سوالیہ نشان ہے،نیب کو میاں نواز شریف کے ایک روپے کے اکا ونٹس نہیں مل سکے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میرے خلاف اختیارات کے غلط استعمال کا کیس ہے، میں نے نیب سے بارہا پوچھا کہ کونسا اختیار غلط استعمال ہوا تو جواب نہیں آیا، انتقام کی ہوس میں نیب اتنا اندھا ہو چکا ہے کہ اسے عدالتی فیصلے بھی نظر نہیں آتے، پچھلے ہفتے نیب سے متعلق ہائیکورٹ کا آرڈر آیا ہے وہ فیصلہ نیب پڑھ لے، نیب صرف پولیٹیکل انجینرنگ کا ادارہ ہے، براڈ شیٹ کا جو معاملہ سامنے آیا ہے آج اگر ملک میں قانون ہو تو اس نیب جیسے ادارے کو بند کر دینا چاہیے، 20 سال آپ نے دس ارب لگا کر خرچ کیے اور بیرون ملک سے پیسے واپس نہیں مل سکے، جج ارشد ملک کو بلیک میل کر کے آپ نے نواز شریف کو سزا دلوائی۔شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ نیب کے ادارے کو بند کر کے اس ملک کو مصیبت سے نجات دلانی چاہیے، نیب کو میاں نواز شریف کے ایک روپے کے اکا ونٹس نہیں مل سکے، یہ نظام نہیں چل سکتا جہاں پر شرم حیا ختم ہو جائے، جب حکومت ججوں کو بلیک میل کرے اور وزیر جا کر کمپنیوں سے حصہ مانگیں۔ رہنما ن لیگ نے کہا کہ برطانیہ میں پاکستانی سفارت خانے کے اکاونٹس میں 30 ملین ڈالر ہونا بھی ایک سوالیہ نشان ہے۔