کسانوں کا طویل احتجاج، بھارتی سپریم کورٹ مودی حکومت پر برہم
نئی دہلی : بھارتی سپریم کورٹ نے متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے طویل احتجاج کے خاتمہ کیلئے مودی سرکارکے ٹھوس اقدامات نہ کرنے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت ان قوانین کو انا کا مسئلہ کیوں بنا رہی ہے ،عدالت نے بحران کو ڈیل کرنے کے حکومتی طریقہ کوانتہائی مایوس کن قراردیدیا۔ تینوں قوانین کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے مرکزی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا بتایا جائے کہ حکومتی قوانین کو معطل کیا جارہاہے یا نہیں،بصورت دیگر انہیں عدالت معطل کر دے گی۔ عدالت نے کہا مرکزی حکومت تینوں قوانین کو انا کا مسئلہ کیوں بنا رہی ہے ، حکومت اس بحران سے جس طرح ڈیل کر رہی ہے انتہائی مایوس کن ہے ۔ چیف جسٹس آف انڈیا نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ احتجاج میں شریک کسانوں کے خلاف اگر کچھ ہوا تو ہم سب اس کے ذمہ دار ہوں گے ، ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے ہاتھ خون سے سرخ ہوں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ آج زرعی قوانین سے متعلق حکم جاری کرے گی۔