ہیڈ کوچ اور کپتان کا دانشمدانہ فیصلہ:دورہ نیوزی لینڈختم ہونے کا خطرہ ختم

0 33

لاہور:  قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور کپتان نے دانشمندانہ فیصلہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ ٹور کے خاتمے کا خطرہ ٹال دیا،ذرائع کے مطابق بورڈ حکام نے دورہ جاری رکھنے یا نہ رکھنے سے متعلق اجلاس میں مصباح الحق اور بابر اعظم سے رابطہ کرکے رائے طلب کی جس پر شدید ذہنی دباؤ کے باوجود دونوں نے ٹور کو جاری رکھنے کیلئے گرین سگنل دے دیا،چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کو ٹریننگ کی اجازت نہ ملنا مایوس کن مگر کرکٹرز کی سپورٹس مین سپرٹ برقرار ہے جوقرنطینہ ختم ہونے کا انتظار کر رہے ہیں اور صورتحال پر نگاہ رکھتے ہوئے ان کا کیوی کرکٹ اور حکومت سے متواتر رابطہ قائم ہے ۔تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کی نویں روز ہونے والی ٹیسٹنگ کے بعد44افراد کا نتیجہ منفی آنے کے باوجود کیوی وزارت صحت نے کھلاڑیوں کو ٹریننگ کی اجازت دینے سے انکار کردیا کیونکہ ڈائریکٹر جنرل آف ہیلتھ ایشلے بلوم فیلڈ کا خیال ہے کہ نیوزی لینڈ آمد کے بعد 53رکنی سکواڈ میں شامل دس افراد کا نتیجہ مثبت آچکا ہے جس کے پیش نظر وہ صورتحال کا گہرائی کیساتھ جائزہ لے رہے ہیں اور چونکہ متعدد مثبت کیسز صحت عامہ کیلئے نقصان دہ ہیں لہٰذا پاکستانی ٹیم کو فی الوقت ٹریننگ کی اجازت نہیں مل سکتی کیونکہ وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ درپیش ہو سکتا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹورنگ ٹیم میں کئی فعال کیسز کی موجودگی اس بات کا تقاضا کر رہی ہے کہ کسی بھی انفرادی یا اجتماعی چیلنج کا سامنا کیا جائے لہٰذا پاکستانی کھلاڑی 14 روزہ قرنطینہ کی تکمیل تک اپنے کمروں میں محدود رہیں گے جن کو مخصوص اوقات میں محدود مقامات پر چہل قدمی کی اجازت ہوگی۔ ذرائع کے مطابق مثبت نتائج کے مالک قومی کرکٹرز کا بھی یومیہ طبی معائنہ کیا جا رہا ہے اور چونکہ اب کسی میں بھی کوویڈ کی علامات موجود نہیں لہٰذا انہیں بھی آٹھ دسمبر سے پریکٹس کی اجازت مل جائیگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.