
کوئٹہ (سٹی رپورٹر)بلوچستان عوامی پارٹی کی مرکزی رہنما و سابق صوبائی وزیر ثوبیہ کرن کبزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کی حالیہ لہر میں پاکستان دشمن ممالک کا ہاتھ ہے جو پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے ،پاکستانی عوام پاک فوج اوراپنی ایجنسیوں کے ساتھ ملکر دہشت گردی کا جلدقلع قمع کردیں گے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ثوبیہ کرن کبزئی نے کہا کہ گوادر سے بلوچستان اورپاکستان کا مستقبل وابستہ ہے گوادر میں چین کی سرمایہ کاری پاکستان دشمن ملکوں کوبرداشت نہیں ہورہی ہے اور وہ بلوچستان میں اپنے آلہ کاروںکے ذریعے دہشت گردی کرکے افراتفری پیدا کرنا چاہتے ہیں جس میں انہیں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گاکوئٹہ سرینا ہوٹل میں دہشت گردی کا واقعہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور ایجنسیاں ہماری طاقت ہیں جنہوں نے عوام کے ساتھ ملکر دہشت گردوں کی کمرتوڑ کر رکھ دی ہے اورانشاءاللہ جلد ہی باقی دہشت گردوں کا بھی ملک سے صفایا کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے 22کروڑ عوام پاک فوج اوراپنی ایجنسیوںکے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔




