بڑھتی ہوئی مہنگائی غریب اورمتوسط طبقے کو پریشان کردیا لنڈے بازاروں میں خریداروں کارش کم ہوگیا ہے
کوئٹہ: بڑھتی ہوئی مہنگائی غریب اورمتوسط طبقے کو پریشان کردیا لنڈے بازاروں میں خریداروں کارش کم ہوگیا ہے۔کوٹ،جرسیاں،جرابیں،بوٹ سمیت دیگر گرم ملبوسات کی قیمتوں کو بھی پرلگ گئے ہیں ٹیلے لگائے دکانداربھی گاہکوں کومنت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق روزبروزبڑھتی مہنگائی نے لوگوں کومعاشی مشکلات سے دوچارکردیا ہے تجارتی مراکزاورشاپنگ سینٹروں میں چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ معمول بن گیا ہے تاہم کوئٹہ شہر کے لنڈے بازاروں میں بھی بوٹ،جرسیاں،جرابیں اورکوٹ سمیت دیگر گرم ملبوسات کی قیمتوں کوپرلگ گئے ہیں جس کی وجہ سے غریب اورمتوسط طبقہ پریشانی میں مبتلاہوگیاہے۔لنڈابازارمیں خریداری کیلئے آنیوالے شہریوں نے بتایاکہ جس طرح عام مارکیٹوں میں گرم ملبوسات مہنگے داموں فروخت کئے جارہے ہیں لنڈابازارمیں بھی ہرچیزمہنگی ہے سردی کی شدت کیابڑھی دکانداروں نے لنڈے بازارمیں ہرچیزکی قیمت میں من مانااضافہ کردیااورگاہکوں سے من مانی قیمتیں وصول کرنے کاکوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے،شہریوں کے مطابق مصنوعی مہنگائی کے دورمیں ان کیلئے گھریلواخراجات کو پوراکرنامشکل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے وہ سردی سے بچنے کیلئے سستے بازاروں کارخ کرتے ہیں مگریہاں بھی استعمال شدہ چیزوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں اب پرانی چیزیں بھی غریبوں کی دسترس سے باہرہورہے ہیں۔دوسری جانب دکانداروں نے بتایاکہ گزشتہ ادوارکی نسبت رواں سال مہنگائی میں زیادہ اضافہ ہواہے جسکی وجہ سے ان کے دکانوں میں خریداروں کارش بھی کم ہوگیا ہے کیونکہ خریداراب پانچ سوروپے والی چیزبھی بمشکل خریدپاتے ہیں ہمیں بھی لاٹ میں ملنے والی اشیاء مہنگی مل رہی ہیں مگرخریداروں کے رش کم ہونے کی وجہ سے وہ بھی کبھی کبھارہی اچھاخاصہ کمائی کرپاتے ہیں۔