افغانستان میں 4دھماکے، 2خواتین ڈاکٹرز سمیت18افراد ہلاک
کابل : افغانستان کے مختلف علاقوں میں 4دھماکے ہوئے جن میں 2خواتین ڈاکٹرز سمیت18افرادہلاک ہوگئے ۔کابل میں منگل کی صبح دھماکے سے جیل میں کام کرنیوالی 2خاتون ڈا کٹرز سمیت 5 افرادہلاک ہوگئے ۔ دھماکے میں پل چرخی جیل جانیوالی ڈاکٹروں کی گاڑی کو نشانہ بنایاگیا،جیلو ں میں ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کی قائم مقام خاتون سربراہ ڈاکٹر نذیفہ ابراہیمی اوردیگر عہدیدار بھی مرنیوالوں میں شامل ہیں۔ایک خاتون ڈاکٹر زخمی بھی ہوئی،ادھرقندوز میں طالبان سے جھڑپوں میں چہار درا ضلع کے پولیس چیف عمر صالح سمیت 5 اہلکار ہلاک ہوگئے ۔خوست میں فوجی گاڑی کے قریب دھماکے سے لیفٹیننٹ سمیت چار فوجی ہلاک اور8زخمی ہوگئے ،فریاب میں کاربم دھماکے سے 2فوجی ہلاک ہوگئے ۔صوبہ بغلان میں د ھماکے سے دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ۔دوسری جانب امریکا کے قائم مقام وزیر دفاع کرسٹوفر ملر نے منگل کو کابل کا غیر علانیہ دورہ کیا اور اشرف غنی سے ملاقات کی،اس موقع پر مذاکرات کے دوران مستقل سیزفائر سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا۔