کسان احتجاج : لندن میں انڈین ہائی کمیشن کا گھیراؤ، بھارت میں کل ہڑتال
نئی دہلی،لندن : بھارت میں کسانوں کا احتجاج 11ویں روز بھی جاری رہا،کل سے ملک بھر میں پہیہ جام کا اعلان کر دیاگیا۔اپوزیشن جماعت کانگریس نے کسانوں کی حمایت کردی،لندن میں کسانوں کے حق میں احتجاج کرتے ہوئے مظاہرین نے بھارتی ہائی کمیشن کا گھیراؤ کر لیا،امریکا میں بھی بھارتی کسانوں کے حق میں احتجاج کیا گیا، مودی سرکار کے نئے زرعی قوانین کے خلاف سراپا احتجاج کسانوں کے حکومت کیساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد اپوزیشن کی جماعت کانگریس نے مظاہرین کی حمایت کردی، نئی دہلی میں کل بڑامظاہرہ ہو گا جس میں راہول گاندھی سمیت اپوزیشن کے اہم رہنما شرکت کرینگے ،بھارت کی کئی ٹریڈ یونینوں اور دیگر تنظیموں نے بھی کسان تحریک کی حمایت کر دی جس کے باعث کسان تحریک میں نیا جوش و لولہ پیدا ہو گیا ہے ۔کسان رہنماؤں نے منگل سے ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کااعلان کردیا ۔لندن میں بھارتی حکومت کے متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف ہزاروں افراد نے احتجاج کرتے ہوئے مودی سرکار کیخلاف نعرے لگائے ، اس موقع پر بھارتی ہائی کمیشن کا گھیرا ؤکیاگیا،مظاہرے کے شرکا نے موٹر سائیکلیں اورگاڑیاں کھڑی کر کے وسطی لندن میں ٹریفک کا نظام درہم برہم کردیا ،مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا مودی سرکارکسانوں کے معاشی قتل عام میں ملوث ہے ، اسے کسان دشمن قوانین واپس لینا ہونگے ۔مظاہرین نے ‘‘ کسانوں کوانصاف دو’’کے بینرلہرا دئیے ۔لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے کورونا پابندیوں کے باعث مظاہرین کو منتشر کردیا اور انہیں دوبارہ جمع ہونے پر بھاری جرمانے کی وارننگ دی ،اس دوران پولیس نے مظاہرے میں شریک ایک شخص کو گرفتاربھی کیا۔دوسری طرف وائس آف فریڈم کے صدر امرجیت سنگھ نے نیو یارک سے اپنے ٹویٹرپیغا م میں کہاکہ سکھ قوم ہندو توا آئیڈیالوجی کو چیلنج کرنے کیلئے کھڑی ہوگئی ہے ،کسانوں کے معاملے پر برطانیہ کے 36ارکان پارلیمان اورکینیڈین وزیراعظم نے آواز اٹھائی ہے ،پاکستان ہمارا مکہ مدینہ ہے ، سکھ قوم کو اس وقت پاکستان کی حمایت کی ضرورت ہے ۔انہوں نے مزید کہا ہندوتوا ایجنڈے کے تحت 5 اگست کا اقدام اٹھایا گیا جس کا مقصد شہریت کا قانون لا کر 20کروڑ مسلمانوں کو ٹارگٹ کرنا ہے ،سکھ کمیونٹی ہندو توا آئیڈیالوجی کو چیلنج کرنے کیلئے کھڑی ہے ،پاکستان آگے بڑھے ۔امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں بھی کسانوں کے حق ریلی نکالی گئی اور بھارتی قونصلیٹ کے باہر احتجاج کیا گیا۔