گرین شرٹس کی بھرپور مشقوں کا اختتام، افریقی معرکے کیلئے تیار

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پروٹیز کے خلاف سیریز کیلئے شاہینوں کی تیاریاں مکمل ہوگئیں۔ قذافی سٹیڈیم میں جاری تربیتی کیمپ ختم ہو گیا۔ قومی ٹیم کل ہوٹل میں آرام کرے گی، کووڈ ٹیسٹنگ بھی ہوگی جبکہ 26 مارچ کو جوہانسبرگ روانہ ہوگی۔ آخری روزقومی ٹیم نے قذافی سٹیڈیم میں دوسرا انٹرا سکواڈ میچ کھیلا۔ میچ میں پاکستان گرینز نے پاکستان وائٹس کو شکست دی،پاکستان گرین کی قیادت کرنے والے بابر اعظم نے پاکستان وائٹ کے کپتان سرفراز احمد سے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان گرینز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 356 رنز بنائے جبکہ محمد رضوان نے 112 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور فخر زمان 58، بابر اعظم 48 اور امام الحق 34 رنز بناکر نمایاں رہے ، پاکستان وائٹ کے فیصل اکرم اور محمد حفیظ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں پاکستان وائٹس 317 رنز بنا سکی۔ آصف علی نے 95 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم ٹیم کو جیت کی لائن کراس کرانے میں کامیاب نہ ہوسکے ۔عثمان قادر 53، عبداللہ شفیق 62، سعود شکیل 36 رنز بناکر نمایاں رہے ۔ پاکستان گرینز کے حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔دوسری طرف قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا انٹرا سکواڈ پریکٹس میچ سے متعلق کہنا ہے کہ پریکٹس میچز سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے ، انٹر نیشنل میچز کو ذہن میں رکھ کر تیاری کی ہے ۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تا کہ شروع کی مشکل کنڈیشنز کا سامنا کر سکیں، امید ہے کہ پریکٹس میچز سے بہت فائدہ ہو گا۔دوسری جانب کپتان ٹیم وائٹ سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پہلا پریکٹس میچ بھی شاندار رہا، اچھا فنش کیا، جنوبی افریقہ جانے سے پہلے آخری میچ کھیلا ۔سرفراز احمد نے کہا کہ میچ سے تیاریوں کا بھرپور موقع مل رہا ہے ۔واضح رہے کہ انٹرا سکواڈ میچ میں ٹیمیں چودہ چودہ کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔ٹیم گرین میں بابر اعظم، امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، دانش عزیز، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد نواز، شاہین آفریدی، حارث رؤف، محمد حسنین، زاہد محمود، خوشدل شاہ اور محمد عمران شامل تھے ۔دوسری جانب ٹیم وائٹ میں سرفراز احمد، شرجیل خان، عبداللّٰہ شفیق، سعود شکیل، محمد حفیظ، حیدر علی، آصف علی، محمد وسیم، عثمان قادر ارشد اقبال، شاہنواز دھانی، نسیم شاہ، عماد بٹ اور فیصل اکرم شامل تھے ۔




