
اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے چیئر مین نیپرا اور ممبر نیپرا بلوچستان نے آج پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کی۔ملاقات میں چئیرمین نیپرا نے چیئر مین سینیٹ کو بجلی کی ترسیل سے متعلق بریفنگ دی۔اس موقع پر چئیرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بجلی کانظام مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔چیئرمین سینیٹ نے نیپرا حکام کو بلوچستان میں جاری منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔چئیرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ صوبے میں بجلی کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کیلئے مقامی وسائل کو بروئے کر لایا جائے۔محمد صادق سنجرانی نے ممبر نیپرا بلوچستان اور نیپرا چیئر مین کو ملاقات کے دوران صوبے میں لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔چیئر مین سینیٹ نے گوادر کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے نیپرا حکام کو گوادر میں بجلی فراہمی کے منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کی ہدایات دیں۔چیئرمین سینیٹ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں اور بلخصوص گوادر میں بجلی کی سہولت فراہم کرنے کے لئے موثر پلان ترتیب دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ توانائی کے متبادل زرائع پرانحصارسے لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی اس لئے ضروری ہے کہ دیگر متبادل ذرائع سے بجلی کی پید اوار کے لئے مناسب اقدام اٹھائے جائیں۔چئیرمین سینیٹ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ بلوچستان جیوگرافی لحاظ سے توانائی کے متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے لئے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے جس سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔



