کابل :دھماکا،9 ہلاک،رکن پارلیمنٹ سمیت20زخمی
کابل : کابل میں کاربم دھماکے میں 9 افرادہلاک جبکہ رکن پارلیمنٹ سمیت20 افراد زخمی ہوگئے ۔ اتوار کی صبح کی کابل کے علاقے سپن کولی میں خان محمد وردک کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا جس سے وہ زخمی ہوگئے ،حملے سے متعدد گاڑیوں اور قریبی گھروں کو نقصان پہنچا۔ان کے چھ محافظ بھی زخمی ہوگئے ۔لشکرگاہ میں ایک حملے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے ،جلال آباد میں دھماکے سے ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔ادھر صوبہ ہلمند کے ضلع ناوا میں فوجی اڈے پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خود کش بمبار کو ہدف پر پہنچنے سے قبل ہی ہلاک کردیاگیا۔فرح صوبے میں ہفتے کی رات ایک حملے میں 6فوجی ہلاک ہوگئے ۔دوسری جانب اپنے ایک بیان میں امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے کہاہے کہ امریکا افغان عوام کے ساتھ کھڑا ہے لہذا افغان حکومت اور طالبان جلدازجلد سیاسی معاہدے پر پہنچیں اورافغانستان میں تشدد میں کمی اور فوری جنگ بندی کریں۔