کورونا کیسز میں اضافہ: این سی او سی کی چیف سیکرٹریز کو ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت
اسلام آباد: این سی او سی نے تمام چیف سیکرٹریز کو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ملک بھر میں کورونا مریضوں اور اموات کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے کہا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی، ہائی رسک سیکٹرز ٹرانسپورٹ، مارکیٹس، شادی ہالز، ریسٹورنٹس پر خصوصی توجہ دی جائے، ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جائے، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر انتظامیہ فوری کارروائی کرے۔
دوسری جانب کورونا وائرس سے مزید 19 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 692 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 24 ہزار 744 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 660 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ ایک ہزار 936، سندھ میں ایک لاکھ 42 ہزار 348، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 779، بلوچستان میں 15 ہزار 717، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 91، اسلام آباد میں 18 ہزار 309 جبکہ آزاد کشمیر میں 3 ہزار 564 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 41 لاکھ 48 ہزار 739 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 26 ہزار 670 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 8 ہزار 674 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 559 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 19 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 692 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 319، سندھ میں 2 ہزار 587، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 265، اسلام آباد میں 199، بلوچستان میں 148، گلگت بلتستان میں 90 اور آزاد کشمیر میں 84 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔