اہم خبریںبین الاقوامی

بھارت: کورونا سے شمشان گھاٹوں اور قبرستانوں میں لاشوں کے انبار

نئی دہلی :  بھارت میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں،شمشان گھاٹ اور قبرستان لاشوں سے بھرگئے ،دہلی اور دیگر علاقوں میں آکسیجن اور ادویات کی شدید قلت ہے ۔منگل کو بھارت میں 2لاکھ 94ہزار نئے کیسز جبکہ مزید2020افراد ہلاک ہوگئے ۔مودی نے ریاستوں سے کہا کہ لاک ڈائون سے بچیں،یہ آخری ہتھیار ہوناچاہیے ۔بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں وبا کا پھیلائو سب سے تیز ہے ،امکان ہے کہ وزیر اعلٰی آج سے لاک ڈائون کا اعلان کردیں گے ،ریاست میں 10ویں جماعت کے امتحانات بھی ملتوی کردیئے گئے ،ممبئی میں وبا کے 7ہزار نئے کیسز سامنے آئے ،دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہاکہ دہلی کے ہسپتالوں میں آکسیجن کی شدید کمی ہے ،چند ہسپتالوں کے پاس صرف کچھ گھنٹوں کی آکسیجن رہ گئی ہے ۔کانگریس کے سینئر رہنما راہول گاندھی بھی وبا کا شکار ہوگئے ۔ادھرمنگل کی رات قوم سے خطاب میں وزیر اعظم مودی نے کہاکہ لاک ڈائون آخری حربہ ہونا چاہیے ،ریاستیں ملک اور عوام کو لاک ڈائون سے بچائیں،ریاستیں لاک ڈائون کی بجائے وبا سے بچائو اور پھیلائو روکنے کیلئے دیگر اقدامات پر زور دیں،انہوں نے وبا کی دوسری لہر کو طوفان قراردیتے ہوئے کہاکہ اس چیلنج سے عزم اور حوصلے کے ساتھ نمٹا جاسکتا ہے ۔انہوں نے دیگر ریاستوں سے آئے ہوئے مزدوروں سے کہا کہ وہ گھروں کو نہ جائیں ،وبا کی وجہ سے ان کی روزی متاثر نہیں ہوگی۔انہوں نے کہاکہ آکسیجن کی کمی پوری کرنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔ادھربھارت میں وبا سے اموات میں اضافے کے بعد شمشان گھاٹوں اور قبرستانوں میں جگہ کم پڑ گئی۔ نئی دہلی میں حکومت نے شمشان گھاٹوں کو احکامات جاری کیے ہیں کہ وہ اپنی گنجائش کو دگنا یا اس سے بھی زیادہ بڑھائیں۔کئی مقامات کے باہر لوگوں کو ایمبولینس کیلئے قطاروں میں انتظار کرتے دیکھا گیا جبکہ کئی جگہ میتیں گھنٹوں تک سڑک کے کنارے پڑی رہیں۔دہلی کا سب سے بڑا شمشان گھاٹ نگم بدھ گھاٹ جس میں شہر کے چھ کووڈ ہسپتالوں سے آنے والی میتوں کو جلانے کیلئے لایا جا رہا ہے نے اپنی گنجائش 36 سے بڑھا کر 63 چتائیں کر دی ہے اس کے باوجود یہاں ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو گھنٹوں تک انتظار کروایا جا رہا ہے ۔لاشوں کو شمشان گھاٹ منتقل کرنے والے ہسپتال کے طبی عملے کے ایک رکن نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جو بھی یہاں آ رہا ہے اسے کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑ رہا ہے ۔اتوار کی رات کو بظاہر فٹ پاتھ پر جلائی جانے والے لاشوں کی ویڈیو سامنے آئی جو دہلی سے متصل شہر غازی آباد کے ہندول گھاٹ کی تھی۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔شمشان گھاٹ کے ملازم نے بتایا کہ شمشان گھاٹ لائی جانے والی لاشوں کو کم سے کم 12 گھنٹے تک انتظار کرنا پڑ رہا ہے ۔ شمشان گھاٹ لائے جانے والے افراد کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے ۔یہاں آنے والے افراد کو آخری رسومات ادا کرنے کیلئے کم سے کم نصف دن یا اس سے زائد انتظار کرنا پڑ رہا ہے ۔ادھرامریکا اور اومان نے اپنے شہریوں کو بھارت کا غیر ضروری سفر کرنے سے منع کردیا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button