لندن:کورونا بحران , روایتی کرسمس منسوخ
نیویارک ، لندن : دنیا بھر میں کورونا کا تیزی سے پھیلائو جاری ہے ، لندن میں کورونا بحران کے باعث روایتی کرسمس تقریبات منسوخ کردی گئیں۔دنیا بھر میں وبا سے اموات کی تعداد16لاکھ90ہزار تک پہنچ گئی جبکہ کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر7کروڑ65 لاکھ تک پہنچ گئی ہے ۔برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کورونا کی تیزی سے پھیلنے والی نئی قسم آنے پر سخت تر ین پابندیاں عائد کر دیں جس کے تحت اس سال خاندانوں کو کرسمس پر روایتی تقریبات سے روک دیا گیا ہے جو گھر میں منعقد کی جاتی تھیں ، لندن اور جنوب مشرقی برطانیہ کے علاقوں میں آج سے لوگوں کو گھر سے نہ نکلنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ، وزیر اعظم بورس جانسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہایہ پابندیاں 30دسمبر تک نافذ رہیں گی۔ انہوں نے بتایالندن کی تمام 32 کونسلز کے علاوہ سائوتھ ایسٹ اینڈ ایسٹ آف انگلینڈ میں درجہ چار کا لاک ڈائون لگا دیا گیا ہے جس کا اطلاق آج سے ہو گا، ٹیئر فور کے رہائشیوں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں،بورس جانسن نے کہا کورونا وائرس کی نئی شکل پہلے وائرس سے 70 فیصد زیادہ خطر ناک ہے ، ٹیئر فور میں تمام غیر ضروری دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہیں گے جبکہ ایک خاندان کے افراد دوسرے گھر میں نہیں جا سکیں گے اور نہ مل سکیں گے ،گھر کے باہر ایک بندے سے ملنے کی اجازت ہو گی، ٹیئر فور کے رہنے والے افراد بغیر کسی کام کے بیرون ملک بھی نہیں جا سکیں گے ، اس کے علاوہ ان ڈور جم بھی بند کردئیے گئے ہیں،امریکا نے دوسری کورونا ویکسین کی منظوری دیدی،یہ موڈرنا کمپنی کی ویکسین ہے جس کے ہنگامی استعمال کی توثیق کی گئی ہے ،ریاست منی سوٹا کے سٹیٹ سینیٹر جیری ریلف وبا سے ہلاک ہوگئے ،کورونا کے شکار فرانسیسی صدر کی طبیعت بہتر ہے تاہم ان میں ابھی تک علامات موجود ہیں، سوئٹزرلینڈ نے بھی فائزر کمپنی کی ویکسین کی منظوری دے دی،آئندہ چند روز میں ویکسی نیشن کا عمل شروع کردیا جائے گا، اٹلی میں24دسمبر سے کورونا سے شدید متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو کرسمس اور نئے سال کے موقع پر صرف دن میں ایک بار ہی باہر نکلنے کی اجازت ہوگی،اس کے علاوہ مختلف علاقوں کے مابین سفر پربھی پابندی ہوگی،سپین میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے 27 دسمبر سے ویکسی نیشن کا آغاز کیا جائے گا۔