
سیکرٹری سینیٹ نے چیئرمین کے الیکشن میں شکست کھانے والے پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کو مسترد شدہ ووٹ دینے سے انکار کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری سینیٹ کی جانب سے کہا گیا کہ ہم نے ریکارڈ سیل کر دیا ہے، اب اسے عدالت کے حکم پر ہی ڈی سیل کیا جائے گا۔ یہ مسترد شدہ ووٹ لینے یوسف رضا گیلانی کے وکیل ان کے پاس پہنچے تھے۔
یوسف رضا گیلانی کے وکیل نے بتایا ہے کہ سیکرٹری سینیٹ نے مسترد شدہ ووٹ دینے انکار کیا تاہم دیگر دستاویزات فراہم کر دی ہیں۔ دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد عدالت سے جلد از جلد رجوع کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ چیئرمین سینیٹ کے اجلاس میں حکمران جماعت اور اتحادیوں کے امیدوار صادق سنجرانی پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کو شکست دینے کے بعد دوبارہ چیئرمین منتخب ہو چکے ہیں۔
پولنگ کے دوران پریزائیڈنگ افسر کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کے نام کے اوپر مہر لگانے کی وجہ سے انھیں مسترد کر دیا تھا۔ اس فیصلے کیخلاف پیپلز پارٹی نے شدید احتجاج کرتے ہوئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کا اعلان کیا تھا۔


