وزیراعظم نے پیٹرولیم لیوی پر 10 دن مانگے ہیں، لانگ مارچ نومبر کے وسط میں ہوگا، حافظ نعیم
جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مارچ نومبر کے وسط میں ہوگا اور اب ہم اسے ملتوی نہیں کریں گے۔
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ اسلام آباد مارچ سے ہم دست بردار نہیں ہوئے اگر حکومت نے مطالبات نہ مانے تو پھر نومبر کے وسط میں دارالحکومت کی جانب مارچ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم لیوی کو مرحلہ وار ختم کرنے کی بات کررہی ہے جبکہ ہم پیٹرولیم پر عائد لیوی کا فوری خاتمہ چاہتے ہیں جس سے حکومت ماہانہ 150 ارب روپے کما رہی ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کا موقف واضح اور دوٹوک ہے کہ لیوی ختم ہونی چاہیے، لیوی کا خاتمہ ہوگا تو جماعت اسلامی سے جو ممکن ہو سکا کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں 7 سے 10 دن مزید دے دیں جبکہ عوام مہنگائی کے ہاتھوں تنگ ہیں۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ ہم نے طویل دھرنے دیے، آج کی ملاقات میں اپنے مطالبات کو وزیراعظم کے سامنے رکھے اور واضح کردیا کہ ہماری نظر میں پیٹرولیم لیوی بھتہ ہے۔
