
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت خود اندرونی خلفشار کا شکار ہے۔ حکومت نے اج تک جتنے وعدے کئے سب سراب لگ رہے ہیں۔
سراج الحق کا جھنگ میں میڈٰیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ حکومت میں آج بھی مافیاز بیٹھے ہیں جو غریب کو غریب تر کرنے میں مصروف ہیں۔ سینیٹ کے الیکشن میں بھی مافیاز یا مافیاز کے نمائندوں کو ٹکٹ دیئے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ معیشت کے حوالے سے بین الاقوامی اداروں کی رپورٹ حکومت کے لئے آئینہ ہے۔ موجودہ حکومت اور پی ڈی ایم کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں ہے۔ حکومت کی خارجی، معاشی، سودی، تعلیمی تمام پالیسیاں سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں کا تسلسل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ مسائل کا حل سٹیبلشمنٹ سمیت کرپٹ سرمایہ دار اور سیاستدانوں کے پاس نہیں ہے۔ ملکی تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے جس کے لئے جماعت اسلامی جدوجہد کر رہی ہے۔ عوام ایک بار جماعت اسلامی کو ضرور خدمت کا موقع دے۔




