چاہے حکومت چلی جائے احتساب پر سمجھوتا نہیں کروں گا، وزیراعظم
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ مجھے جانتے نہیں ہیں چاہے میری حکومت بھی چلی جائے تو احتساب پر سمجھوتا نہیں کروں گا۔
حکومتی و پارٹی ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اپوزیشن اپنی کرپشن بچانے کے لیے اب عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مجھے جانتے نہیں، میری حکومت بھی چلی جائے تو احتساب پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔خود ان کا سارا خاندان باہر بیٹھا ہے۔ یہاں عوام کو اپنے لیے استعمال کررہے ہیں۔اپوزیشن مینار پاکستان پر دس جلسے کرلے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن تیز کرنے کی ہدایت
اجلاس میں لاہور میں سرکاری زمینوں پر قبضے کے خلاف جاری آپریشن پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سرکاری زمینوں پر قبضے کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن ملک بھر میں تیز کریں گے۔ ہر جگہ قبضہ مافیا کے پیچھے سیاسی لوگوں کا ہاتھ ہے۔ان کو خوف ہے کہ حکومت چلتی رہی تو ان کے کارنامے سامنے آتے رہیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سارے مل کر زور لگا رہے ہیں کہ حکومت چلی جائے اور انکی چوری بچ جائے۔ کسی سیاسی یا قبضہ مافیا کو این آر او نہیں ملے گا۔ اجلاس میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔