آذربائیجان، آرمینیا تنازع: بھاری توپ خانے کا استعمال

آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان ناگورنو قرہباخ کے متنازع خطے پر جاری لڑائی کا دائرہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بڑھتا جا رہا ہے اور پیر کے روز دونوں ممالک کی جانب سے بڑے شہری علاقوں پر ہونے والی شیلنگ کے بعد عام شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے خدشات بڑھتے جا رہے ہیں۔
قرہباخ میں مقیم علیحدگی پسندوں کی جانب سے اس خطے کے دارالحکومت سٹیپاناکرٹ کی فرنٹ لائن پر مسلح جھڑپوں کے ساتھ ساتھ توپ خانے کے بھاری استعمال کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔
قرہباخ میں مقیم آرمینیائی نسل کے علیحدگی پسندوں نے نوے کی دہائی میں آذربائیجان سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا اور اب وہ آذربائیجان کی افواج سے مسلح جھڑپوں میں مصروف ہیں۔
آذربائیجان کی وزاتِ دفاع کا دعویٰ ہے کہ آرمینیا کی افواج اس کے تین بڑے شہروں پر شیلنگ کر رہی ہیں جبکہ اتوار کے روز ان افواج کی جانب سے آذربائیجان کے دوسرے بڑے شہر گینجہ پر بمباری کی گئی تھی۔




