کھیل
انگلینڈ کا ٹی 20 سیریز میں جنوبی افریقہ کیخلاف کلین سویپ مکمل

کیپ ٹاؤن: انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 9 وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں ہوم ٹیم کو پہلی بار کلین سویپ ناکامی کے گڑھے میں دھکیل دیا۔
انگلش ٹیم نے دوسری وکٹ پر 167 رنز کی ریکارڈ شراکت کی مدد سے اس گراؤنڈ پر سب سے بڑے ہدف تک رسائی کو ممکن بنایا۔ مرد میدان ڈیوڈ مالان نے گیارہ چوکوں اور پانچ چھکوں سمیت 99 رنزاور جوز بٹلر نے 67 رنز بنائے اور دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل ہوم ٹیم نے ریسی فان ڈیر ڈوسان اور فاف ڈو پلیسز کے ناقابل تسخیر 74 اور 52 رنز کی مدد سے تین وکٹوں پر 191 رنز بنائے جبکہ ٹیمبا بفوما نے بھی 32 رنز کا اضافہ کیا۔ بین سٹوکس 2 وکٹیں لے سکے تھے۔




