اہم خبریںپاکستان

رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے ایوان زیریں کے اجلاس میں شرکت کے لیے پروڈکشن آڈر جاری کردیے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر نے علی وزیر کے پروڈکشن آڈرز قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے طریقہ کار 2007 کے رول 108 کے تحت جاری کیے ہیں۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ ’آئین کے آرٹیکل 54 کی شق (3) کے تحت اسپیکر نے 25 مارچ 2022 کو قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا، جو اس وقت پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں جاری ہے‘۔

نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اجلاس کے دوران علی وزیر کی موجودگی کو ضروری سمجھتے ہیں، لہٰذا قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے طریقہ کار 2007 کے رول 108 کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے اسپیکر نے علی وزیر کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں مذکورہ اجلاس میں شرکت کے لیے بلانے پر رضامندی ظاہر کی۔

اسپیکر کی جانب سے مزید ہدایت کی گئی کہ علی وزیر کو قومی اسمبلی کے ہر اجلاس کے آغاز پر پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سارجنٹ ایٹ آرمز کے سامنے پیش کیا جائے، جو اجلاس کے اختتام کے بعد انہیں تحویل میں لیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے لیے قومی اسمبلی کا اہم اجلاس اتوار کی صبح 11:30 بجے تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔

قبل ازیں علی وزیر کے پروڈکشن آرڈرز کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

پی ٹی ایم رہنما اور رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کی جانب سے سردار لطیف کھوسہ نے علی وزیر کے پروڈکشن آرڈرز کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کیا جائے۔

درخواست میں تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی استدعا کی گئی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں ایک ایک ووٹ قیمتی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ ووٹ ڈالنا علی وزیر کا آئینی حق ہے اور آئینی حق سے کسی کو روکا نہیں جاسکتا۔

محسن داوڑ کی جانب سے درخواست میں اسپیکر قومی اسمبلی اور سینٹرل جیل کراچی کی انتظامیہ کو فریق بنایا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button